پاکستان خلاف سیریز سےورلڈ کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا: کپتان انگلش ٹیم

کراچی: طویل عرصہ بعد دورہ پاکستان کے لیے آنے والی انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے سیریز ٹف ثابت ہوگی، 7 میچوں کی سیریز چیلنج سے کم نہیں، جبکہ سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بٹلر نے کہا 7 میچوں کی سیریز چیلنج سے کم نہیں ہوگی، یقین ہے کہ یہ ٹف سیریز ثابت ہوگی، پاکستان سپرلیگ میں ہمارے کھلاڑیوں کو شائقین کھیلتا دیکھ چکے ہیں، پاکستان ایسا ملک ہے جو فاسٹ بولرز پیدا کررہا ہے ۔

انگلش کپتان نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا، اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے حوالے سے کہاکہ کوشش ہے اپنی کرکٹ سے سیلاب متاثرین کو خوشی دیں، انگلش کرکٹ بورڈ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرے گا۔

جوز  بٹلر کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کو اپنا ورک لوڈ مینج کرنا ہوگا، میں کبھی پاکستان میں نہیں کھیلا اس لیے پاکستان کی کنڈیشنز کا اندازہ نہیں  ہے، جو کھلاڑی پی ایس ایل میں کھیلے ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ ٹیم میں سات میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 20 ستمبر سے کراچی میں شروع ہورہی ہے، ایونٹ کے ابتدائی چار میچز کراچی جب کہ آخری تین لاہور میں ہوں گے۔