قومی ٹیم کے کھلاڑی ان فٹ ہونے اور مسائل کا شکارہونے کی وجہ سامنے آگئی

قومی کھلاڑیوں کے مسلسل ان فٹ ہونے اور ٹیم کے مسائل کا شکار ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ سے پہلے پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کے ان فٹ ہونے کا دھچکا لگا، پھر ٹورنامنٹ شروع ہونے سے ایک روز قبل محمد وسیم جونیئر بھی ان فٹ ہو گئے، بعد ازاں شاہنواز دھانی، شاداب خان اور محمد رضوان بھی طبی مسائل کا شکار ہوئے اور اب اطلاعات ہیں کہ فخر زمان بھی ان فٹ ہو چکے ہیں۔

قومی ٹیم میں شامل اتنے کھلاڑیوں کا ایک ساتھ ان فٹ ہونا ناصرف ٹیم کی کاکردگی متاثر کرنے کا باعث بن رہا ہے بلکہ اس سے دیگر مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے مسائل کی اہم وجہ پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب سومرو اور ٹیم فزیو کلف ڈیکن کا ایک پیج پر نہ ہونا ہے، فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا کیس بھی اسی وجہ سے خراب ہوا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ شاہین آفریدی کو انگلینڈ بھجوانے کا پلان ڈاکٹر نجیب نے اپنے طور پر کیا جبکہ سینئر کھلاڑی فزیو کلف ڈیکن کے ساتھ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نجیب سومرو بطور ٹیم ڈاکر اپنے طور پر فیصلے کرتے ہیں، ٹیم سپورٹ اسٹاف کا ایک پیج پر نہ ہونا مسائل بڑھا رہا ہے۔