انگلینڈ کی ٹیم کو صدر مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم

کراچی: 17 سال بعد پاکستان آنے والی انگلش ٹیم کو کراچی میں صدرمملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے،سفر کیلیے پی سی بی نے لاہور سے بلٹ پروف بسیں پہلے ہی پہنچا دی تھیں، ایئرپورٹ سے ہوٹل آمد اور گذشتہ روز ہوٹل سے اسٹیڈیم آنے اور جانے کے دوران سخت ترین حفاظتی انتظامات دیکھنے میں آئے،ٹیم کے روٹ پر اطراف کی چھتوں پر اسنائپرز مستعد رہے،مشن گنز اٹھائے گارڈز نے بھی حصار قائم رکھا،ہوٹل کے آس پاس 300کے قریب اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں، خاص طور پر ٹیم کے روٹ اور اسٹیڈیم کے اطراف میں سادہ کپڑوں میں موجود سیکیورٹی اہلکار بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ ہو رہی ہے، میچ کے دن کئی سٹرکیں معمول کی ٹریفک کیلیے بند بھی کی جائیں گی۔

انگلش کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ کچھ زیادہ ہی لگتا ہے، بہرحال اس کا مقصد تمام سرگرمیوں کو محفوظ انداز میں مکمل کرنا ہوگا،ماحول معمول سے ہٹ کر ہونا کھلاڑیوں کیلیے پہلا بڑا چیلنج ہے مگر 1،2 روز میں عادی ہونے پر پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہوگی۔