پاکستان بمقابلہ انگلینڈ


 انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے‘ اس سے قبل اس نے آخری بار 2005 ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا‘2009 ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد پاکستان اپنی ہوم سیریز نیوٹرل مقامات پر کھیلنے کے لئے مجبور ہوگیا‘اس وجہ سے انگلینڈ نے ایک لمبے عرصے تک پاکستان کا دورہ نہیں کیا‘انگلینڈ کا یہ دورہ پچھلے سال ہونا تھا مگر چند شرپسندوں کی دھمکی سے گھبرا کر نیوزی لینڈ کی حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان سے اچانک واپس بلا لیا جس کے بعد انگلینڈ نے بھی اپنی ٹیم کو یہاں بھیجنے سے انکار کردیا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کے نتیجے میں انگلینڈ کی ٹیم اس سال پاکستان آنے کیلئے راضی ہوگئی‘پہلے مرحلے میں یہ ٹیم ستمبر سے2 اکتوبر تک سات ٹی20  انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی‘ پھر یہ ٹی20 ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لئے آسٹریلیا جائیگی‘ وہاں سے واپسی پر دوبارہ پاکستان آئیگی اور یکم دسمبر سے3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی‘پاکستان کی سرزمین پر انگلینڈ نے ابھی تک کوئی ٹی20 انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا‘اس نے یہاں آخری مرتبہ 2005ء میں تین ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی تھی اب انگلش ٹیم یہاں پہلی مرتبہ مختصر فارمیٹ کی سیریز کھیلے گی‘ابتدائی4  میچ 20، 22، 23 اور25 ستمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور بقیہ 3 میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 28 اور 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے پاکستان اس سے پہلے تین مرتبہ اس ملک کیخلاف ٹی20 انٹرنیشنل کی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیل چکا ہے‘ ان میں سے 2 سیریز 3‘3 جبکہ ایک سیریز 2 میچوں پر مشتمل تھی‘پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف اسی کی سرزمین پربارہ ٹی20 میچ کھیلے ہیں‘ اس کے علاوہ پاکستان نے انگلینڈ ہی میں اس کے خلاف 2010ء کے ورلڈ ٹی20 کا ایک میچ اور 2009ء کے ٹی20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز میں ایک میچ کھیلا ہے‘دونوں ممالک کے درمیان اب تک 21 ٹی20 میچ کھیلے جاچکے ہیں‘ان میں سے 12 میچ انگلینڈ اور 8 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے جبکہ ایک میچ ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا تھا‘پاکستان نے انگلینڈ کو اسکے ہوم گراؤنڈ پرچارمیچوں میں شکست دی جبکہ انگلینڈ سات میچوں میں فاتح رہا اور ایک میچ بے نتیجہ رہا‘متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے آٹھ میچوں میں سے پاکستان نے دو جیتے اورچھ میں شکست کا سامنا کیا‘ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے میچ میں بھی پاکستان انگلینڈ کو شکست نہ دے سکا۔اس طرح مجموعی طور پر کھیلے گئے اکیس میچوں میں سے پاکستان صرف چھ مرتبہ فاتح رہا اور چودہ مرتبہ ناکامی کا سامنا کیا‘پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اب تک اکیس ٹی20 میچ کھیلے جاچکے ہیں‘پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹی20 انٹرنیشنل میچ کی ایک اننگ میں سب سے زیادہ اسکورچھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو بتیس رنز کیا ہے‘ دونوں ٹیموں کا سب سے زیادہ مجموعی اسکور بھی اسی میچ میں سولہ وکٹوں کے نقصان پر433 رنز تھاانگلینڈ کی جانب سے اننگ میں سب سے کم 129 رنز27 فروری 2012ء کو ابوظہبی کے میدان میں بنائے گئے اور اس اننگ میں اسکے 6 کھلاڑی آوٹ ہوئے تھے‘پاکستان کا کم سے کم اسکور 89 رنز تھا جو اس نے2010 ء کو کارڈف میں بنایا؛ دونوں ٹیموں کا سب سے کم مجموعی اسکور بھی اسی میچ میں کیا گیا جو 14 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز تھا؛رنز کے لحاظ سے سب سے بڑے مارجن سے کامیابی کی بات کی جائے تو پاکستان نے16 جولائی 2021ء کو ناٹنگھم میں 31 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی‘ اسی طرح انگلینڈ کی سب سے بڑی فتح 48 رنز سے تھی جو اس نے 7جون 2009 کو اوول کے میدان میں حاصل کی‘وکٹوں کے لحاظ سے سب سے بڑے مارجن سے کامیابی انگلینڈ نے2 مرتبہ حاصل کی، پہلی مرتبہ 19 فروری 2010 ء کو دبئی میں اور دوسری بار 5 مئی 2019 ء کو کارڈف میں؛ اسی طرح پاکستان کی سب سے بڑی فتح 9 وکٹوں سے تھی جو اس نے 7ستمبر 2016ء کو مانچسٹر میں حاصل کی۔