تیسرا ٹی 20، پاکستان نے سنسنی خیزمقابلے میں انگلینڈ کو 3رنز سے ہرا دیا

انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا آغاز کافی اچھا رہا، دونوں اوپنرز کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 21 رنز بناکر پویلین لوٹے،اس کے علاوہ خوشدل شاہ صرف 2 رنز بناسکے۔

اس دوران رضوان نے شاندار بیٹنگ کی اور 67 گیندوں پر 88 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آخری اوور میں آصف علی کے 2 چھکوں کی بدولت قومی ٹیم نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔آصف علی 3 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹوپلی نے 2 ، ڈاؤسن اور ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا،14 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔فل سالٹ 8، الیکس ہیلز5 اور ول جیک صفر پر آؤٹ ہوئے۔

انگلش ٹیم کو چوتھا نقصان بین ڈکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 33 رنز بناکرٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس کے علاوہ کپتان معین علی 29 اور ڈیوڈ ولی 11 رنز بناسکے۔

مسلسل وکٹیں گرنے کے دوران ہیری بروک اور لیام ڈاؤسن نے انگلش ٹیم کو جیت کی امید دلوائی لیکن وہ بھی34،34 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کو 10 گیندوں پر 5 رنز درکار تھے لیکن حارث رؤف نے 19 ویں اوور میں مسلسل 2 گیندوں پر 2 وکٹیں لے کر پاکستان کو جیت کے قریب کیا۔

انگلینڈ کو آخری اوور میں 4 رنز جبکہ پاکستان کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم 20ویں اوور میں شان مسعود نے ٹوپلی کو رن آؤٹ کرکے پاکستان کو 3 رنز سے کامیابی دلوادی۔

پاکستان کی جیت کے ساتھ سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے۔ 

پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا 200 واں ٹی ٹوئنٹی  انٹرنیشنل میچ کھیل رہی تھی۔قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی ڈبل سنچری مکمل کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔

خیال رہے کہ 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے۔

انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کی وجہ سے کراچی میں ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس دوران کپتانی کے فرائض معین علی انجام دیں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں ٹی ٹوئنٹی 28 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔