پاک بھارت ٹیسٹ سیریز ، انڈین کرکٹ بورڈ کا ردعمل آگیا

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی پیشکش پر  بھارتی کرکٹ بورڈ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دونوں روایتی حریفوں کو ٹیسٹ سیریز کروانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز  انگلینڈ کے میدانوں میں کروائی جا سکتی ہے۔

تاہم اب اس معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں ایسی کسی سیریز کا چانس نہ ہونے کے برابر ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سینئر عہدیدار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پہلی بات یہ کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی سے اس حوالے سے بات چیت کی جو کہ قدرے عجیب ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار کا کہنا  تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کا فیصلہ کرنا بھارتی حکومت کا کام ہے نہ کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا، ابھی تک کے مؤقف کے مطابق ہم پاکستان کے خلاف صرف ملٹی ٹیم ایونٹس میں ہی کھیلیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاک بھارت سیریز کے لیے  انگلینڈ  نے  پی سی بی اور بھارتی بورڈ سے رابطہ کیا ہے، ای سی بی کا کہنا تھا کہ  آسٹریلیا کے ساتھ بھی پاکستان نے انگلینڈ میں ٹیسٹ میچز کھیلے تھے، پاکستانی اور بھارتی شائقین کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کش کی گئی۔