ٹی وی اینکر آفتاب اقبال کو بابر اعظم پر تنقید مہنگی پڑ گئی

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پر ہونے والی تنقید پر ان کے مداح آج کل غصے میں ہیں اور  انہوں نے ٹی وی اینکر آفتاب کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔

پاکستان کے معروف ٹی وی اینکر آفتاب اقبال نے اپنے پروگرام کے دوران بابر اعظم کو 'اسٹار' ماننے سے انکار کردیا اور کپتان کو انا پرست قرار دیا۔

آفتاب اقبال نے کہا کہ 'بابر اب میرے لیے اسٹار نہیں ہے، اس لیے نہیں کہ اس نے کیچز چھوڑے یا اسکور نہیں کررہا بلکہ اس لیے کہ اب وہ مغرور ہوگیا ہے، اس میں انا آگئی ہے، وہ کھلاڑیوں سے اختلافات رکھنے لگا ہے'۔

ٹی وی اینکر نے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے بابر کے لیے کہا 'تم اپنے آپ کو بھول رہے ہو کہ کہاں سے شروع کیا اور اللہ نے تمہیں کیسے یہ مقام عطا کیا، تمہیں چاہیے تھا کہ اتنا ہی زمین میں دھنس جاتے، یہ افسوس اور شرم کی بات ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'بابر کو اچھی ٹیم کا انتخاب کرنا چاہیے، اسے چاہیے کہ حارث سہیل کو لائے، فہیم اشرف اور عماد وسیم کو لے کر آئے، آپ منت ترلہ کرکے شعیب ملک کو ٹیم میں لائیں'۔

آفتاب اقبال کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھونچال آگیا اور بابر کے چاہنے والوں نے ٹی وی میزبان کو خوب ٹرول کیا۔

محمد ہارون نامی صارف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے پیغام جاری کیا اور کہا   ’پی سی بی کو کوئی پیمانہ طے کرنا چاہیے کہ ہمارے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی عزت کو کیسے یقینی بنانا ہے‘۔

مریم شیخ نے کہا کہ ’سمجھ نہیں آتی کہ کچھ لوگ بابر سے اتنا جلتے کیوں ہیں؟ سب جانتے ہیں کہ وہ ایک سپر اسٹار ہیں، پوری دنیا ان سے محبت کرتی ہے‘۔