ٹی ٹوئنٹی ویمنز  ایشیا کپ، پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیدی

ٹی ٹوئنٹی ویمنز  ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم نے ایک اور شاندارکارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کو بھی 5 وکٹ سے ہرادیا ۔

سلہٹ میں کھیلےگئے میچ میں سری لنکن کپتان چماری اتاپتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انہوں نے جارحانہ آغاز کیا لیکن ندا ڈار  نے دوسرے اینڈ سے ہرشیتھا کو چلتا کیا، پھر طوبیٰ نے چماری اتاپتو کو 41 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد عمیمہ سہیل نے کسی کو  ٹکنے نہ دیا  اور  شاندار اسپن بولنگ کی، انہوں نے ایک ایک کرکے پوری 5 وکٹیں گرائیں اور وہ بھی صرف 13 رنز کے عوض۔

عمیمہ سہیل نے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں بہترین بولنگ کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

 سری لنکن ٹیم 18اعشاریہ 5 اوورز میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، طوبیٰ حسن نے دو اور ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

113 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ28 رنز پر گری ، سدرہ 13رنز بنا سکیں ، دو رن کا اضافہ ہوا تو منیبہ بھی لوٹ گئیں ، عمیمہ سات اور کپتان بسمہ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

اب ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے شراکت لگائی اور اسکور 51 سے 96 تک پہنچا دیا ، عالیہ 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، اب عائشہ نسیم آئیں اور انہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا ، لگا تار دو چھکے لگا کر پاکستان کو 5 وکٹ سے فتح دلادی، ندا 26 اور عائشہ 16رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

 پاکستان نے 5 وکٹ کی فتح کے ساتھ لیگ مرحلہ دوسری پوزیشن پر مکمل کیا ۔

دوسری جانب  خراب موسم کی وجہ سے بنگلا دیش اور  یو اے ای کا میچ نہ ہوسکا، دونوں ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔

 سیمی فائنل میں منگل کو پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا  جب کہ بھارت اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں پہلا سیمی فائنل کھیلیں گی۔

خیال رہےکہ پاکستان نے ویمن ایشیا کپ کے لیگ میچ میں بھارت کو بھی 13 رنز سے ہرایا تھا۔