سہ فریقی سیریز، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے ہرا دیا

کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین ملکی ٹی 20 کرکٹ سیریز کے پانچویں میچ میں 48 رنز سے ہرا دیا،یہ کیوی ٹیم کی سیریز میں تیسری کامیابی ہے، کیوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے۔بنگلہ دیشی ٹیم 209 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ۔کیوی ٹیم کے ڈیون کانوے 64 اور گلین فلپس نے 60 رنز کی دلکش اننگز کھیل کراپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

گلین فلپس کو عمدہ بیٹنگ پر مرد میدان قرار دیا گیا، بدھ کو ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے پانچویں میچ میں بنگال ٹائیگرز کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جوبعد میں غلط ثابت ہوا ۔ کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے،کیوی ٹیم کے ڈیون کانوے نے 64 اور گلین فلپس نے 60 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔

گلین فلپس نے 24 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 60 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 فلک شگاف چھکے اور دو چوکے شامل تھے ۔ مارٹن گپٹل 34اور فن ایلن 32 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے سیف الدین اور عبادت حسین نے دو، دو جبکہ شرفل الاسلام نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں کیوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم 209 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بناسکی۔ کپتان شکیب الحسن 70 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ نیوزی لینڈ کے ایڈم ملن نے تین جبکہ ٹم سائوتھی اور مائیکل بریسویل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ گلین فلپس کو عمدہ بیٹنگ پر مرد میدان قرار دیا گیا۔