سہ فریقی سیریزکا آخری لیگ میچ، پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین ملکی ٹی 20 سیریز کے چھٹے لیگ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی ، گرین شرٹس نے 174 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، تین ملکی سیریز کا فائنل میچ کل جمعہ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی ٹیم نے گروپ سٹیج کے چار میں سے تین میچز میں کامیابی حاصل کی۔ لٹن داس اور شکیب الحسن کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔محمد رضوان کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بدھ کو ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے چھٹے اور آخری لیگ میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے ، لٹن داس نے 69 اور کپتان شکیب الحسن نے 68 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔

پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ، جواب میں 174 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ پر 101 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

کپتان بابر اعظم پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 55 رنز بناکر حسن محمود کی گیند پر مصدق حسین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔اسی اوور میں حیدر علی بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔

محمد رضوان 69 کے انفرادی سکور پر سومیا سرکار کی گیند پر نجم الحسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ محمد نواز 45 اور آصف علی 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔پاکستان نے میچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔بنگلہ دیش کی طرف سے حسن محمود نے دو جبکہ سومیا سرکار نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ملکی سیریز کا فائنل میچ کل جمعہ کو کھیلا جائے گا۔