ڈیوڈ وارنر کیلئے قوانین تبدیل کرنے کی تیاری

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو کپتانی سونپنے کے لیے قوانین میں تبدیلی کا عندیہ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کا سال 2018 میں بال ٹیمپرنگ سکینڈل سامنے آیا تھا جس کے بعد انکو محدود اوورز کے میچز میں کپتانی نہیں دی گئی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سخت قوانین بنارکھے ہیں تاہم وارنر کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئےآسٹریلیوی بورڈ وانر پرعائد تاحیات پابندی ختم کرنے پر غورکررہا ہے جبکہ اس سلسلے میں قوانین میں تبدیلی کا امکان ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے کل ہونے والے اجلاس میں کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم پر بحث کی جائے گی، اس حوالے سے چیئرمین لاچلن ہینڈرسن کا کہنا تھا کہ مشاورت کے بعد کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ اس معاملے کو طول دینا کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔

ڈیوڈ وارنر کو محدود اوورز کے فارمیٹ میں کپتانی دوبارہ ملنے کا واضح امکان ہے، کئی سابق کرکٹرز بھی وارنر پر عائد پابندی کے خاتمے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر اس وقت کے کپتان اسٹیو سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی، دونوں کرکٹرز نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کی تھی۔