ہم نے اپنے مداحوں کو مایوس کیا، ویسٹ انڈیز کپتان کا ورلڈکپ سے باہر ہونے پر بیان

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی 2 بار کی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز  کے کپتان نکولس پورن نے مایوسی کا اظہار کردیا۔

جمعے کو  ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا اور ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ انڈین کپتان نکولس پورن نے کہا کہ 'ہم نے اپنے مداحوں مایوس کیا ۔ یہ یقینی طور پر تکلیف دہ ہے۔ میں نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی اس سے میں نے اپنے ساتھیوں کو مایوس کیا' ۔

انہوں نے ورلڈ کپ میں ٹیم کی مایوس کن بیٹنگ پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پچ بھی بیٹنگ کے لیے سازگار تھی لیکن ہمارا اسکور کافی نہیں تھا۔، ہم نے اچھی پچز ہونے کے باوجود اس ٹورنامنٹ میں عمدہ بیٹنگ نہیں کی۔ 145 رنز بناکر بولرز کے لیے ہدف کا دفاع کرنا مشکل ہوتا ہے۔

ویسٹ انڈین کپتان نے آئرلینڈ کی ٹیم کو سپر 12 کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آئرش ٹیم نے  آج شاندار کارکردگی دکھائی۔

آئرلینڈ نے 2 مرتبہ کی ٹی 20 چیمپئن کو شکست دیکر ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں جگہ بنا لی

واضح رہے کہ ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 11 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے ۔

آئرلینڈ نے 147 رنز کا ہدف 15 گیندیں پہلے پورا کر کے ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کیا۔