ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کا میچ بارش سے متاثر

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں زمبابوے اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

ہوبارٹ میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور کھیل کو 9 اوورز تک محدود کردیا گیا ۔

 زمبابوے کےکپتان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

زمبابوے کی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 35 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں،مقررہ 9 اوورز میں زمبابوے کی ٹیم 5  وکٹ پر 79رنز بناسکی۔

بارش نے مزید خلل ڈالا تو جنوبی افریقا کو7 اوورز میں 64 رنز کاہدف ملا، جنوبی افریقا نے3 اوورز میں بغیر وکٹ گنوائے 51 رنز بنالیے تھے کہ پھر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث ریفری نے میچ ختم کرنے کا اعلان کیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

کوئنٹن ڈی کوک 47 رنزبناکرناقابل شکست رہے تاہم بدقسمتی سے اپنی ٹیم کو ایک پوائنٹ کی محرومی سے نہ بچاسکے۔

اس سے قبل بنگلادیش نے نیدرلینڈز کو 9 رنز سے شکست دی تھی۔