سابق کرکٹر نے بابراعظم کی کپتانی پر تنقید کردی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ بھارت کے خلاف ٹی20 ورلڈکپ کے راؤنڈ میچ میں شکست کے بعد بابراعظم پر بھڑک اٹھے۔

یوٹیوب پر ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں سابق کرکٹر محمد حفیظ نے بابراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کپتان لگاتار تین میچوں سے کچھ غلط فیصلے کر رہے ہیں لیکن ان کے ساتھ ‘مقدس گائے’ جیسا سلوک کیا جارہا ہے، انکی کپتانی پر کوئی تنقید نہیں کررہا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ بابراعظم کی کپتانی ایک مقدس گائے کی طرح ہے جس پر تنقید نہیں کی جا سکتی، یہ مسلسل تیسرا بڑا کھیل ہے کہ ہمیں بابر کی کپتانی میں خامیاں نظر آرہی ہیں لیکن ہم مسلسل سن رہے ہیں کہ وہ سیکھ رہے ہیں جلد سیکھ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میچ 7 ویں اوور سے 11 ویں اوور تک جب بھارتی ٹیم 4 رنز کیلئے بھی جدوجہد کررہی تھی تو بابراعظم نے اسپنر کے اوورز کیوں ختم نہیں کروائے؟،۔ میچ کا اختتامی اوور نواز کو دینا غلط فیصلہ تھا۔

میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی کی 82 رنز کی اننگز نے بھارت کو فاتح بنوایا تاہم اس میچ کے ابتدا میں بھارتی ٹیم کے 4 اہم کھلاڑی محض 31 رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط تھی تاہم کچھ غلط فیصلوں کے باعث قومی ٹیم کو آخری بال پر شکست ہوئی۔

کوہلی اور پانڈیا نے محمد نواز کے تیسرے اوور سے ہی رنز اسکور کرنا شروع کردیئے تھے جس میں دونوں 3 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے تھے۔