نواز شریف الیکشن کرانے کے لئے تیار ہی نہیں تو بات چیت کیا ہوگی؟ فواد چوہدری

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کہتے ہیں کہ جب نواز شریف الیکشن کرانے کے لئے تیار ہی نہیں تو بات چیت کیا ہوگی؟

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت ہر 10 منٹ بعد ایک پریس کانفرنس کرتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ لانگ مارچ میں لوگ نہیں ہیں۔ لانگ مارچ میں لوگ کم ہیں تو حکومت کو گھبراہٹ کیوں ہے؟۔

لانگ مارچ کا دوسرا دن

فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے کہا ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں، یہ غیر سنجیدہ لوگ ہیں، ملک میں انقلاب آچکا ہے، حکمران طبقے کو تبدیلی نظر آرہی ہے، جو لوگ اقتدار میں اندھے ہو جائیں ان کا انجام اچھا نہیں ہوتا، انقلاب کو پر امن رہنے دیں اس میں ملک کی بہتری ہے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون کو توسیع دے دی

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم پاکستان کو پر امن تبدیلی کی جانب لے جارہے ہیں، عمران خان کی وجہ سے پاکستان سری لنکا نہیں بنا، تحریک انصاف کی وجہ سے لوگ پر امن طریقے سے احتجاج کررہے ہیں، ورنہ اس وقت مہنگائی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بلند ترین سطح پر ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اگر اس مارچ کی قیادت نہ کریں تو یہ پر امن نہ رہے، لوگ حکمران طبقے کو گھسیٹ کر نکالیں، عمران خان کی وجہ سے ہم منظم تبدیلی کی طرف جارہے ہیں۔ یہ سیاسی عمل ہے، اداروں کو اس میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔

لانگ مارچ میں پہلے روز پولیس پر کتنا خرچہ

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے اداروں کے ساتھ پہلے بھی تعاون کیا ہے، ان ہی کی بات پر ہم نے بیک ڈور پر بات کی لیکن جب نواز شریف الیکشن کرانے کے لیے تیار ہی نہیں تو کیا بات چیت ہوگی اور ان کی منطق یہ ہے کہ ہم الیکشن ہار رہے ہیں تو پھر انتخابات کیوں کرائیں۔