کرسٹیانو رونالڈو کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری

عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے مانچسٹر یونائیٹڈ فٹبال کلب کو خیرباد کہنے کے بعد ان کے مداحوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی۔

 سعودی عرب کے النصر فٹبال کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کو قطر میں جاری ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2022کے اختتام کے بعد تین سال کے معاہدے کی پیشکش کی ہے۔

سی بی ایس اسپورٹس نے کلب کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ النصر پُرتگیزی اسٹار رونالڈو کی خدمات حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، ذرائع کے مطابق اس پیشکش کی مالیت ایک سال میں کم و بیش ساڑھے سات کروڑ ڈالر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رونالڈو اور کلب کے درمیان موسم گرما میں روابط شروع ہوئے تھے اور یہ خیال کیا جارہا ہے کہ بات چیت نسبتاً اعلیٰ سطح پر ہوئی ہے تاہم کلب کو ابھی تک رونالڈو کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔

ذرائع نے سی بی ایس اسپورٹس کو بتایا کہ اگر وہ اس پیش کش کو قبول کرلیتے ہیں تو معاہدے کو حتمی شکل دینے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ النصر کی پیش کش پرتگال کے بین الاقوامی کھلاڑی سے اب تک واحد باضابطہ رابطہ سمجھی جاتی ہے اور ان کے مستقبل کا فیصلہ ورلڈ کپ کے اختتام تک نہ ہونے کی توقع ہے۔

 

واضح رہے کہ رونالڈو نے گذشتہ ہفتے برطانیہ کے معروف کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔ اب وہ ایک آزاد کھلاڑی ہیں اور کسی بھی کلب کے ساتھ کھیلنے کے لیے نیا معاہدہ کرسکتے ہیں۔