تیسرا ٹیسٹ ، انگلینڈ پہلی اننگز میں 354پر آؤٹ ، ابرار، نعمان کے 4، 4شکار

پاکستان نےانگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز اختتام تک دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 21 رنز بنالیے، انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف 354 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی۔ انگلینڈ کو قومی ٹیم پر 29 رنز کی برتری حاصل ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم نے دوسرے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، تاہم 58 کے مجموعی اسکور پر انکی وکٹیں گر گئیں، بین ڈکٹ 26 جبکہ جو روٹ بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوابیٹھے، دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر ریک کرولی صفر، اولی پوپ 51، کپتان بین اسٹوکس 26، مارک ووڈ 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔


انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 111 جبکہ بین فوکس نے 64 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے 4،4 جبکہ محمد وسیم جونئیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں قومی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے اکیس رنز بنائے جس کے بعد انگلش ٹیم کی برتری صرف 29 رنز کی رہ گئی ہے۔ اوپنر عبداللہ شفیق 14 اور شان مسعود 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہین۔