مسجد نبوی ؐمیں نماز ادا کرنے والے نمازیوں کی تعداد 8کروڑ سے متجاوز

ریاض: مسجد نبویؐ میں نماز ادا کرنے والے نمازیوں کی تعداد8کروڑ 10لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کے اْمور کے جنرل صدر عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ محرم الحرام کے آغاز سے 19 جمادی الاول تک نمازیوں کی کل تعداد 81 ملین سے تجاوز کر گئی ہے اور اس دوران تقریباً 80 لاکھ افراد نے روضہ مبارک میں نماز ادا کی۔

عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ اس عرصہ کے دوران نبی کریمﷺ اور آپ کے دونوں صحابہ کرام کو خراج عقیدت پیش کرنے والے زائرین کی کل تعداد 70 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ مسجد نبویﷺ کے امور کی جنرل پریسیڈنسی نے نمازیوں اور زائرین کے لیے تام رکاوٹوں کو دور کیا اور بہترین خدمات مہیا کیں تا کہ وہ بغیر کسی تکلیف کے اپنی عبادات کر سکیں۔