کراچی ٹیسٹ: پاکستان ٹیم 216 رنز بناکر آؤٹ، انگلینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف

پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں مشکلات سے دوچار ہے اور قومی ٹیم دوسری اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو عبداللہ شفیق اور شان مسعود وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے دن کے ابتدائی حصے میں بہتر کھیل پیش کیا اور نصف سنچری شراکت قائم کی لیکن 53 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اپنا آخری میچ کھیلنے والے اظہر علی بھی اسی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے اور اپنے کیریئر کی آخری ٹی20 اننگز کو یادگار نہ بنا سکے۔

مشکلات کے بھنور میں پھنسی قومی ٹیم کو جلد ہی تیسرا نقصان بھی اٹھانا پڑا جب جیک لیچ نے اپنے اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر عبداللہ شفیق کا کام بھی تمام کردیا۔

اس مرحلے پر بابر اعظم کا ساتھ دینے سعود شکیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو بتدریج آگے بڑھانا شروع کیا۔

کھانے کے وقفے سے قبل بابر اعظم کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی جاندار اپیل ہوئی، امپائر کے آؤٹ نہ دیے جانے پر انگلش ٹیم نے ریویو لیا لیکن کریز سے تین میٹر زائد آگے نکل کر کھیلنے کی بدولت وہ آؤٹ ہونے سے بال بال بچ گئے۔

جب میچ کے تیسرے دن کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے تھے اور اسے مجموعی طور پر دوسری اننگز میں 49 رنز کی برتری حاصل تھی۔

وقفے کے بعد کپتان بابر اعظم 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد محمد رضوان 07 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ فہیم اشرف ایک ، نعمان علی 15 ، محمد وسیم 02 ، سلمان آغا 21 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ابرار احمد ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح دوسری اننگز میں پوری ٹیم 216 رنز بنا کر ڈھیر ہوئی گئی اور انگلش ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 167 رنز کا ہدف مل گیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نوجوان اسپنر محمد ریحان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہ ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اسپنر جیک لی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو روٹ اور مارک ووڈ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کی ٹیم میچ کی پہلی اننگز میں 304 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ نے ہیری بروک کی سنچری کی بدولت 354 رنز بنا کر پہلی اننگز میں 50 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔