ہم واپس آئیں گے، امباپے کا فائنل میں شکست کے بعد پہلا ٹوئٹ

فرانس کے اسٹار فٹبالر کیلیان امباپے نے ورلڈکپ فائنل میں ارجنٹینا کے ہاتھوں ڈرامائی شکست کے بعد پہلی بار خاموشی توڑ دی ہے۔

امباپے نے ورلڈکپ فائنل میں ہیٹ ٹرک کی تھی اور ایونٹ کے اختتام پر گولڈن بوٹ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

امباپے ایک ورلڈ کپ میں سب سے زيادہ 8 گول کا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل 2018 کے ورلڈکپ فائنل میں بھی انہوں نے گول کیا تھا۔

مگر 18 دسمبر کو ارجنٹینا کے ہاتھوں فائنل میں شکست کے بعد امباپے کے چہرے سے تو مایوسی ظاہر ہورہی تھی مگر زبان سے انہوں نے کچھ نہیں کہا۔

اب ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے اس حوالے سے اپنی خاموشی کو توڑا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں فرانسیسی زبان میں Nous reviendrons لکھا جس کا مطلب ہے 'ہم پھر واپس آئیں گے'۔

امباپے اب تک 2 ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں 12 گول کرچکے ہیں اور جرمنی کے Miroslav Klose کے سب سے زیادہ 16 گولز کے ریکارڈ سے زیادہ دور نہیں۔

23 سالہ کھلاڑی کے پاس ابھی یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے کافی وقت موجود ہے۔