انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچزمیں شکست کی وجہ بالرزکی انجری تھی:بابراعظم

  کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف شکست کا ملبہ انجرڈ بالرز پر ڈال دیا۔

انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان بابراعظم نے کہا کہ بطور کپتان یہ بہت مایوس ہوں، فاسٹ بالرز کی فٹنس نہ ہونے کی وجہ سے سیریز ہارے۔ میں اپنی ٹیم کا دفاع کروں گا اور سیریز میں شکست کی ذمہ داری بطور کپتان لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤف اور نسیم شاہ انجری کا شکار تھے جس کی قیمت ہمیں سیریز میں 0-3 سے شکست سے بھگتنا پڑی، ٹیسٹ میچز میں تجربے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ہمارے پاس صرف اظہر علی تجربہ کار کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل تھے، نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا آگے بھی مزید مواقع دینے کی کوشش کریں گے۔

بابراعظم نے کہا کہ کسی بھی سینئر کھلاڑی کے لیے ٹیم واپسی کا دروازہ بند نہیں، ہم منصوبہ بندی کریں گے اور دیکھیں گے کہ کن کھلاڑیوں کو منتخب کرنا ہے۔ ہمیں ملتان اور راولپنڈی ٹیسٹ میچ جیتنا چاہیے تھا لیکن بدقمستی سے ہار گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے صحافیوں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم دفاعی انداز میں کھیلتے ہیں تو کہا جاتا ہے، ہم دوسرے طریقے سے کیوں نہیں کھیلتے؟۔ آپ سب کو خوش نہیں کرسکتے۔

بابراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے تیز گیند بازوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، اگلے سال 2023 کا ورلڈکپ ہے۔