نسیم شاہ نے اظہر علی کے ساتھ بطور مداح پہلی ملاقات کی تصویر شیئر کردی

قومی ٹیم کے  فاسٹ بولر نسیم شاہ نے  ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے اظہر علی کے ساتھ ہونے والی پہلی ملاقات کی یادیں شیئر کی ہیں۔

 ٹوئٹر پر نسیم شاہ نے سابق کپتان اظہر علی کے ساتھ لی گئی دو تصاویر شیئر کیں، ایک تصویر میں وہ اظہر علی کی ساتھ پریس کانفرنس کر رہے ہیں جب کہ دوسری تصویر دونوں کرکٹر کی پہلی ملاقات کی ہے۔

نسیم شاہ نے لکھا کہ  اجو بھائی سے پہلی مرتبہ بطور مداح ملا تھا، میں خوش قسمت ہوں کہ ان کے ساتھ 3 سال کھیلا، اظہر علی کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا ہے۔

نسیم شاہ نے اظہر علی کو شاندار کیریئر پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ آپ کو ہمیشہ کامیاب کرے۔

نسیم کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے اظہر علی نے انہیں مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی دعا دی کہ آپ متعدد ریکارڈز توڑیں۔

یاد رہے کہ 16 دسمبر کو پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ آخری ٹیسٹ کھیلا تھا۔