پاک نیوزی لینڈ سیریز، قومی ٹیم کے پاس ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنیکا موقع

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرکے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آسکتی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم 107 ریٹنگ پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ نیوزی لینڈ 116 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہے۔ اگر پاکستان تین میچوں پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کرتا ہے تو قومی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آسکتی ہے۔

اسی طرح آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں پاکستان 6 چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر قابض ہے، اگر پاکستان کیویز کو ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کرتا ہے تو آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں پہلی پوزیشن سنبھال لے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان محض 19 پوائنٹس فاصلہ ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ بھی 3 جنوری کو کراچی میں ہی شیڈول ہے۔

اسی طرح تینوں ون ڈے میچز کی میزبانی کے فرائض بھی کراچی کے سپرد کیے گئے ہیں، جو بالترتیب 10، 12 اور 14 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

خیال رہے کہ کیوی ٹیم دوسرے مرحلہ میں 13 اپریل سے 7 مئی تک دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان 5 ٹی20 انٹرنیشنل اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جانے ہیں۔