بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے قتل کیس میں بڑا انکشاف

ممبئی: خودکشی کے ذریعے زندگی کا خاتمہ کرنے والے  بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے کیس میں ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے۔

اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے پوسٹ مارٹم کے ایک عینی شاہد نے چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے کہ اداکار نے خودکشی نہیں کی تھی بلکہ انہیں قتل کیا گیا۔

عینی شاہد روپ کمار شاہ نے بتایا کہ جس دن سشانت سنگھ راجپوت کی موت ہوئی تو ہمیں کووپر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے 5 لاشیں ملیں، ان 5 میں سے ایک لاش کسی وی آئی پی شخص کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ جب ہم پوسٹ مارٹم کرنے گئے تو ہمیں معلوم ہوا کہ وہ اداکار کی لاش تھی اور ان کے جسم پر کئی نشانات تھے، اداکار کی گردن پر بھی 2 سے 3 نشانات تھے۔

روپ کمار شاہ نے کہا کہ جب میں نے پہلی بار سشانت سنگھ کی لاش دیکھی تو میں نے جلدی سے اپنے سینئرز کو بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ خودکشی نہیں قتل کا معاملہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ان سے یہاں تک کہا کہ ہمیں اصولوں کے مطابق کام کرنا چاہیے لیکن میرے سینئرز نے مجھے روک دیا اور کہا کہ صرف لاش کی تصاویر لے لو اور جلد از جلد لاش پولیس کو دے دو۔