پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں تماشائیوں کیلئے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت کرنے کا اعلان

  کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے تماشائیوں کیلئے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے شائقین کرکٹ کیلئے داخلہ مفت کردیا ہے۔

پی سی بی نے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبا و طالبات سمیت معذور افراد، اولڈ ہومز اور یتیم بچوں کو اسٹیڈیم لائے جانے کیلئے رابطے شروع کردیئے ہیں، جس سے نیشنل اسٹیڈیم کو بھرا جاسکے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 2 جنوری سے کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی متنازع بن گئی ہے، بابر کے نہ آنے پر محمد رضوان متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں آئے اور کپتانی سنبھال لی، جس پر امپائرز اور میچ ریفری نے ٹیم انتظامیہ کو آئی سی سی قوانین بتائے۔

مذکورہ قوانین کی روشنی میں متبادل کھلاڑی کپتانی نہیں کرسکتا، چنانچہ محمد رضوان کی بجائے اسکواڈ کاحصہ ہونے کے ناطے فیلڈنگ کرنے والے سرفرازاحمد نے ٹیم کی قیادت سنبھالنی پڑی۔