دی لیجنڈ آف مولا جٹ 30دسمبر کو بھارتی سینماؤں میں دکھانے کا فیصلہ

کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کرنے والی  پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 30 دسمبر کو بھارتی سینما گھروں میں ریلیز کیلیے پیش کی جائے گی۔

بلال لاشاری پروڈکشن کے تحت بننے والی پاکستانی فلم دنیا بھر سے اب تک 220کروڑ روپے کماچکی ہے، بھارت میں ہونے والی ریلیز کے بعد توقع کی جارہی ہے کے فلم اپنی کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔

بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کیلئے بھارتی مارکیٹ میں کھلا میدان موجود ہے کیونکہ اس کے مد مقابل کوئی بڑی فلم موجود نہیں اور شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے ریلیز ہونے میں بھی ابھی وقت ہے۔

بھارتی ملٹی پلیکس چین پی وی آر نے سوشل میڈیا پر دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی باقاعدہ ریلیز کا اعلان کیا تاہم ناگزیر وجوہات پر مذکورہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

ذرائع کے مطابق فواد خان ماہرہ خان اور ایمان علی  کی بھارت میں موجود فین فالونگ کے باعث توقع کی جارہی ہے کہ انڈین کمرشل سینما گھروں میں بھی دی لیجنڈ آف مولا جٹ اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔

واضح رہے کہ بولی وڈ موویز اے دل ہے مشکل میں فواد خان گینگسٹر میں ماہرہ خان کا شاہ رخ خان کے ساتھ  بولی وڈ ڈیبیو اور راجہ نٹور لال میں حمیما ملک کی اداکاری کے جوہر دکھائے جن کا سحر آج بھی بھارتی شائقین پر طاری ہے۔

ابتدائی طورپر دی لیجنڈ آف مولاجٹ پنجابی زبان میں ریلیز کی جائے گی تاہم فلم بینوں کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے دیگر زبانوں میں بھی پیش کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 2011میں انڈیا میں ریلیز ہو نے والی پاکستانی فلم  بول کے بعد یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جسے بھارتی سینیما گھروں میں پیش کیا جا رہا ہے۔