وزیراعظم ہاؤس ہیکنگ کیس میں 2افراد گرفتار 

اسلام آباد:وزیر اعظم ہاؤس کی ہیکنگ کرنے کے معاملے میں مزید اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق ایک نہیں 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس کی ہیکنگ کرنے والے افراد کی گرفتاری سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ اس معاملے میں ایک نہیں دوافراد کو حراست میں لیا گیا ہے جنہیں ٹھوس شواہد ملنے پر گرفتار کیا گیا۔

 حکومتی ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں افراد کو ٹھوس شواہد کی بنا پر گرفتار کیا گیا، یہ دونوں افراد کچھ عرصہ وزیراعظم ہاؤس میں تعینات ایک خفیہ ادارے کے افسر کے ساتھ رابطے میں تھے، ان میں ایک کا تعلق بہاولپور جبکہ دوسرے کا راولپنڈی سے ہے۔دونوں افراد پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزراء کی ہیکنگ کا الزام ہے۔

وزیراعظم نے ہیکنگ معاملے پر وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی بنائی تھی۔کمیٹی کی سفارشات پر وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی کا نظام مکمل اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اب وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی پر تعینات عملے کی مکمل سکریننگ بھی ہوتی ہے۔