خیبر پختونخوا کی تحصیل بشام کے علاقے مائرہ میں پولیس نے کالج کے طالبعلم کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش اور اسے بلیک میل کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
خیبرپختونخوا کی تحصیل بشام کے پولیس اسٹیشن ڈنڈئی میں واقعے کی ایف آئی آر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 377، 511 اور 506/34 کے تحت درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق لڑکے نے جمعہ کو اپنا انٹرمیڈیٹ کا امتحان دیا تھا جس کے بعد اسے سے چند مشتبہ افراد نے رابطہ کیا جنہیں وہ پہلے سے جانتا تھا۔
ملزمان نے مبینہ طور پر لڑکے کو ندی کنارے لے جانے کا لالچ دے کر اسے ساتھ لے جانے کی کوشش کی اور پھر اسے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی تاہم لڑکے نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
مشتبہ افراد نے لڑکے کی برہنہ حالت میں ویڈیو بنائی اور دھمکی دی کہ اگر اس نے اس واقعے کی اطلاع کسی کو دی تو یہ ویڈیو وائرل کر کے اسے قتل کر دیں گے۔
ڈنڈائی کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) محمد عارف خان نے بتایا کہ ایف آئی آر میں نامزد تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق لڑکے کو طبی معائنے کے لیے واقعے کے روز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بشام بھیجا گیا تھا۔