کراچی ٹیسٹ؛ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 138 رنز کا ہدف دیدیا

کراچی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی جس کے بعد نیوزی لینڈ کو 138 رنز کا ہدف ملا ہے۔

پانچویں دن 15 اوورز کا کھیل باقی ہے اور ان ہی 15 اوورز میں نیوزی لینڈ کو 138 رنز بنانے ہیں۔

دوسری اننگز میں گرین کیپس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر311  رنز بنائے اور اسے کیویز پر مجموعی برتری 137 رنز ہو گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 77 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا، امام الحق 45 اور نائٹ واچ میچ نعمان علی 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ 

نعمان علی اپنا اسکور آگے بڑھانے میں ناکام رہے اور 4 رنز پر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

امام الحق 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ فوٹو پی سی بی

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی صرف 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور اش سودی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے پر امام الحق 81 اور سرفراز احمد 49 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، کھانے کے وقفے کے بعد سرفراز احمد نے اپنی ففٹی مکمل کی تاہم وہ 53 رنز بنا کر اش سودی کا شکار بن گئے۔

اش سودی وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو پی سی بی

سلمان علی آغا بھی 6 رنز بنا کر اش سودی کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ امام الحق 96 رنز بنا کر اش سودی کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد وسیم جونیئر  بھی 43 رنز  بنا کر سودی ہی کا شکار بنے۔

پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کی تو سعود شکیل 55 اور میر حمزہ 3 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔