ممبئی: پاکستانی سپر اسٹار فواد خان اور ماہرہ خان کے انڈین فلمی مداحوں کیلئے ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔
پوری دنیا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی پاکستانی بلاک بسٹر فلم ’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بلال لاشاری کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی انڈین ریلیز منسوخ کردی گئی ہے۔
اس سے قبل ’بالی وڈ ہنگامہ‘ نے دعویٰ کیا تھا کہ فلم کی ریلیز کو کچھ عرصے کیلئے ملتوی کیا گیا ہے لیکن اب نئی خبر کے مطابق فلم بھارتی سینماؤں کی زینت نہیں بنے گی۔
بھارت میں فلم کی ریلیز کے حقوق زی اسٹوڈیوز نے حاصل کیے تھے لیکن بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے مزاحمت کے بعد اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ فلم کو ریلیز نہیں کیا جائے گا۔
مہاراشترا ناونرمن سینا کے رہنما امیہ کھوپکر نے فلم کی منسوخی پر ایک ٹویٹ میں اسے راج ٹھاکرے کی وارننگ کا اثر قرار دیا ہے۔