شاہین آفریدی اور حارث روف کی باولنگ کمزور نظر آ رہی، اعزاز چیمہ

لاہور: سابق فاسٹ بولر اعزاز چیمہ نے کہا ہے کہ پچز کا اتنا بڑا ایشو نہیں، شاہین آفریدی اور حارث روف جیسے اہم بولرز کے اَن فٹ ہونے کی وجہ سے باولنگ کمزور نظر آ رہی ہے۔

لاہور میں ٹی ٹوئنٹی کے کپ ٹورنامنٹ کی تقریب پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دائیں ہاتھ کے پیسر اعزاز چیمہ نے واضح کیا کہ اگر شاہین اور حارث روف پلینگ الیون کا حصہ ہوتے تو پرفارمنس کا معیار بہت بہتر ہوتا اور نتائج بھی پاکستان کے حق میں ہوتے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ پہلے اسپن وکٹس بنائی گئی، اب نیا تجربہ کیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ سیریز میں بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی، میچز آخری دن تک گئے۔ انجریز کی وجہ سے کمبینیشن نہیں بن پا رہا۔

فاسٹ بولرز کے لیے مجوزہ روٹیشن پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر فٹنس مسائل ایشوز نہ ہوں تو یہ بہت ضروری ہے، جتنی زیادہ کرکٹ ہو رہی ہے اس میں کھلاڑیوں کو میچز کے بعد آرام دینا بہت ضروری ہے۔

اعزاز چیمہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ہے اور یہ نتیجہ خیز ہوسکتا ہے۔