نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں شاہین آفریدی اور حارث کو شامل کئے جانے کا امکان

  کراچی: نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے پاکستان نے تیاریوں کا آغاز کر دیا،عدم فٹنس کا شکار فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث کو فٹنس کی جانچ کے لیے طلب کرلیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولر شاہین آفریدی آج سے فٹنس کی بحالی کے لیے سرگرم عمل ہوں گے، کراچی میں قومی ٹیم کا میڈیکل اسٹاف ان کی مکمل فٹنس کی  بحالی کے اقدامات کی نگرانی کرے گا۔

دوسری جانب زرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شاہین آفریدی کی واپسی کا امکان روشن ہے، تاہم فاسٹ بولر اپنی فٹنس کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ ان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی  مکمل فٹ ہونے کی صورت ہی میں پاکستان ٹیم کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کریں گے۔

دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم منیجمنٹ نے قبل ازیں ان فٹ ہوجانے والے ایک اور فاسٹ بولر حارث رؤف کو بھی فٹنس کی جانچ کے لیے طلب کر لیا ہے، فٹ ہونے کی صورت میں وہ بھی ون ڈے سیریز میں شریک ہوں گے، تاہم اگلے ماہ ہونے والے پی ایس ایل 8 میں ان کی شرکت یقینی ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے مقابلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بالترتیب 9، 11 اور 13 جنوری کو کھیلے جائیں گے جبکہ چیف سلیکٹر اور سابق ٹیسٹ کپتان شاہد خان آفریدی پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ کراچی کی روایتی پیچ کی تبدیلی کا وقت آ چکا ہے اور ایسی وکٹیں بنائی جائیں گی جو فاسٹ بولرز کے لیے معاون اور مددگار ثابت ہوں۔