مار دھاڑ بابر اعظم کا سٹائل نہیں، اظہر الدین پاکستانی کپتان کے حق میں بول پڑے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا اپنا اسٹائل ہے، فطری طور پر وہ اوپننگ بلے باز نہیں ہیں، مار دھاڑ ان کا کھیل نہیں ہے جب کہ بطور کپتان انہیں مزید وقت ملنا چاہیے۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کپتان محمد اظہر الدین کا کہنا تھا کہ بابر اعظم بہت اچھے کھلاڑی ہیں، وہ کافی اچھا کھیلتے ہیں، ان کا گیم الگ ہے، مار ڈھاڑ کرنا ان کا انداز نہیں ہے، تو اگر وہ مار دھاڑ کی کوشش کریں گے تو وہ اپنی فطری صلاحیت کے خلاف جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کو اپنی فطری صلاحیت پر ہی زیادہ محنت کرنی چاہیے، جب آپ کوئی نئی چیز ٹرائی کرتے ہیں تو اس میں ماہر نہیں ہوتے تو وہاں ناکام ہونے کے امکانات ہوتے ہیں لیکن بابر اعظم کا جیسا بھی کھیلنے کا انداز ہے میرے خیال میں وہ اچھا ہی کھیل رہے ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ جب کوئی کھلاڑی بڑے فورم پر کھیلتا ہے جہاں بال سوئنگ ہوتا ہے تو عمومی طور پر یہ دنیا میں یہ دیکھا جارہا ہے کہ جہاں بال سوئنگ ہوتا ہے تو وہاں کھلاڑی غلطی کرتے ہیں۔‎

اظہر الدین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو اہم کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان ہیں، گزشتہ کچھ میچز دیکھیں تو بابر اعظم ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے یا جلد آؤٹ ہوئے، اس طرح کی صورتحال میں آپ کو سوچنا پڑے گا کہ اگر اوپر کے نمبر پر کھیلنے میں رن نہیں بن رہے تو نیچلے نمبروں مثال کے طور پر نمبر دو، تین یا چار پر کھیلنا کافی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں کپتان بنے زیادہ وقت نہیں ہوا، انہیں کپتان بنے ابھی ایک ڈیڑھ سال ہوا ہے، انہیں مزید کچھ موقع دینا چاہیے، جب تک آپ انہیں مزید موقع نہیں دیں گے تو اتنی جلدی کسی پلیئر یا کپتان کو جج کرنا آسان کام نہیں ہے۔