کراچی، گاڑی روکنے پر خاتون نے ڈی ایس پی ٹریفک کو تھپڑ ماردیا

کراچی: پی آئی ڈی سی ٹریفک سگنل پرخاتون نے گاڑی روکے جانے پر ڈی ایس پی ٹریفک پی آئی ڈی سی کو تھپڑ مار دیا۔خاتون مشتعل ہو کر باریش ڈی ایس پی کو دھکے دیتی رہی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق خاتون پی آئی ڈی سی سے سلطان آباد کی جانب جانا چاہتی تھی سامنے سڑک سے ٹریفک کا فلو گزررہا تھا خاتون کی گاڑی نے زبردستی ٹریفک میں داخل ہونے کی کوشش کی ڈی ایس پی ٹریفک نے خاتون کی گاڑی کو روکا تو خاتون گاڑی روکنے پر آپے سے باہرآگئیں ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی آئی ڈی سی ٹریفک سگنل پرگاڑی میں سوارخاتون کی جانب سے ڈی ایس پی ٹریفک اشتیاق حسین آرائیں سے بدتمیزی کاواقعہ پیش آیا۔

منظرعام پرآنے والی واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے روکے جانے پرگاڑی میں سوارخاتون نےٹریفک پولیس سےتعاون کے بجائے بدتمیزی شروع کردی اورمشتعل ہوکر باریش ڈی ایس پی کودھکےدیتی رہی۔مشتعل خاتون نے آپے سے باہر ہوکر ڈی ایس پی ٹریفک کوتھپڑبھی رسید کردیا۔

ڈی ایس پی ٹریفک سیکشن پی آئی ڈی سی خاتون سےمسلسل تعاون کی اپیل کرتےرہے خاتون نے ڈی ایس پی کودھکے دے کرہٹایااورساتھ موجود نوجوان نے گاڑی آگےبڑھائی موقع پرموجود شہریوں نے ٹریفک پولیس اورخاتون میں صلح کرادی تھی جس کے بعد خاتون گاڑی میں روانہ ہوگئی۔

ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ واقعے سے متعلق سول لائن تھانے میں متاثرہ ڈی ایس پی ٹریفک کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی گئی۔