پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کو نہیں چھوڑیں گے، مصدق ملک 

اسلام آباد:وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک میں 20دن کا پٹرول اور 29دن کا ڈیزل کا ذخیرہ موجود ہے،وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں پٹرول کی فراہمی میں کمی نہیں آنی چاہیے۔

 ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کو نہیں چھوڑیں گے،ملک کے بیشترعلاقوں میں چھاپے مارے گئے، مختلف جگہوں پر غیر قانونی گودام بنانے کی قانون اجازت نہیں دیتا، گوداموں کو سیل کیا گیا،شورکوٹ میں غیر قانونی سٹوریج کے باعث گودام کو سیل کیا گیا،دربار سلطان باہو میں بھی جرمانہ کیا گیا۔

 دو ضلعوں میں 900کے قریب مختلف جگہوں پر چھاپے مارے گئے، ضلع سرگودھا میں 530چھاپے مارے گئے، ضلع فیصل آباد میں 437چھاپے مارے گئے، ضلع سرگودھا میں ذخیرہ اندوزوں پر 250لاکھ روپے کا جرمانہ اور7پٹرول پمپس کو سیل کیا گیا،ضلع فیصل آباد میں 5لاکھ 50ہزار روپے کا جرمانہ،21ایف آئی آرز کاٹی گئیں اور ایک پٹرول پمپ بند کیا گیا۔

ملک کے قانون کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ذخیرہ اندوز پٹرول کو ڈرائی آؤٹ اور غریب عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں،ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کو نہیں چھوڑیں گے،یہ معاملہ تھم جائے گا اور ہم حتمی طور پر ختم کریں گے۔

جمعرات کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے مجھ سے ذخیرہ اندوزوں سے متعلق پوچھا، بتایا کہ دو دن کا وقت دیں دودن میں تمام ایکشنز سامنے آجائیں گے، دودن کیوں ایک دن میں ہی کارروائی کو عمل میں لایا جائے گا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملک میں 20دن کا پٹرول اور 29دن کا ڈیزل موجود ہے،پٹرول میں کمی نہیں ہونی چاہیے،ملک میں ذخیرہ اندوز پٹرول کو ڈرائی آؤٹ اور غریب عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں،ذخیرہ اندوزوں سے گزشتہ روز بھی درخواست کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سمیع خان ڈیلرز، عوام اور ریاست کا مقدمہ ہمارے سامنے لاتے ہیں،انہوں نے دو چیزوں سے آگاہ کیا، پہلا یہ کہ جو ذخیر ہ اندوزی نہیں کررہے تو ان کے ساتھ سختی نہ کی جائے، پٹرول کو چیک کیا جائے گا کہ تیل موجود ہے کہ نہیں، دوسرا یہ کہ کسی بھی ذخیرہ اندوز کے ساتھ ایسوسی ایشن کھڑی نہیں ہوگی،ریٹیلرز اور ڈیلرز کا بھی وہی موقف ہے جو ہمارا ہے،کسی کو بے جا تنگ نہیں کیا جائے گا، دیکھا جائے گا کہ تیل موجود ہے کہ نہیں،اگرتیل ہوا اور ذخیرہ اندوزی کی گئی تو قانون اپنا سخت راستہ اپنائے گا۔