کراچی میں بجلی کی قیمت میں 10 روپے 80 پیسے فی یونٹ کی کمی

کراچی: شہر قائد کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 10 روپے 80 پیسے فی یونٹ کمی کردی گئی۔

نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) برائے دسمبر 2022کی مد میں 10روپے 80 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے 10 روپے 26 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 31 جنوری 2023 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔

نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کو ریلیف فروری کے بجلی کے بلوں میں ملے گا۔

اس سے قبل نومبر کا ایف سی اے صارفین سے 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف ایک ماہ کیلئے تھا۔

نیپرا کے مطابق لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

دسمبر کا ایف سی اے نومبر کی نسبت 3 روپے 37 پیسے فی یونٹ مزید کم چارج کیا جائے گا، اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کیلئے ہوگا۔