گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافے کی منظوری 

اسلام آباد: گھریلو صارفین کے لیے مہنگی بجلی کی قیمت میں مزید ہوشربا اضافہ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا پلان منظور کرلیا ہے جس کے تحت جون 2023 تک گھریلو صارفین کیلئے بجلی 7 روپے فی یونٹ تک مہنگی ہو گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے نظر ثانی سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان کی منظوری دے دی ہے، مارچ 2023 سے برآمدی شعبے اور کسانوں کیلئے بجلی پر دی جانے والی سبسڈی ختم ہو گی جب کہ برآمدی شعبے کیلئے بجلی پر 12 روپے 13 پیسے فی یونٹ کی سبسڈی واپس ہوگی۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے متعلق ذرائع نے بتایا ہے کہ جون 2023 تک بجلی صارفین سے تقریبا 250 ارب روپے ریکور کئے جائیں گے، پلان کے تحت 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا سر چارج لگے گا، سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کی جائے گی۔ 

جون تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے سے 73 ارب روپے حاصل ہوں گے، سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ میں رواں ماہ بجلی 4 روپے 46 پیسے تک مہنگی ہو گی، فروری میں ٹیرف میں اوسطاً اضافہ 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ بنے گا جب کہ مارچ میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 69 پیسے مہنگی کی جائے گی۔

دستیاب اعداد و شما رکے تحت جون میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 64 پیسے مہنگی ہوگی، ستمبر میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے98 پیسے مہنگی ہوگی.

برآمدی شعبے اور کسانوں کیلئے سبسڈی ختم ہونے سے 65 ارب روپے حاصل ہوں گے، برآمدی شعبے کیلئے بجلی پر سبسڈی ختم ہونے سے 51 ارب روپے حاصل ہوں گے جب کہ کسان پیکچ کے تحت بجلی پر سبسڈی ختم ہونے سے 14 ارب روپے حاصل ہوں گے۔