عزت سے کھلاٸیں گے تو آخری وقت تک پاکستان کے لیے کھیلوں گا، عماد وسیم

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ مجھے عزت دے کر قومی ٹیم میں کھلاٸیں گے تو میں آخری وقت تک پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔

اپنی کپتانی کے انداز کے حوالے سے عماد وسیم نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا اپنا انداز ہے، میری کپتانی کا انداز مختلف ہے، میں جارحانہ کپتانی کرتا ہوں اور جیت کے لیے جاتا ہوں، دوستی یاری کو میں کبھی سپورٹ نہیں کرتا۔

اسٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ ہمارا مثبت انداز میں سب سے ہی مقابلہ ہے۔ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا ہمیشہ سے سخت مقابلہ ہوتا ہے، پشاور سمیت تمام ٹیموں سے ہمارا سخت مقابلہ ہوگا۔

عماد وسیم کا کہنا تھا کہ فرنچاٸز کرکٹ میں لڑکے ادھر ادھر جاتے رہتے ہیں، کھلاڑیوں کے درمیان کوٸی مسٸلہ نہیں، سب پروفیشنل ہیں اور اپنی ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں، ہم پی ایس ایل کے لیے پرجوش ہیں ، شعیب ملک کے ہونے سے کافی مدد ملتی ہے۔

کپتان کراچی کنگز نے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار بہت اچھا ہے، یہاں کا مقامی ٹیلنٹ بہت اچھا ہے, جس سے لیگ مستحکم ہوتی ہے، میری اس وقت توجہ صرف پی ایس ایل پر ہے، گزشتہ سیزن اچھا نہیں رہا جو ہم بھول چکے ہیں، اگر ہم اپنا بہترین کھیلیں تو ایونٹ جیت سکتے ہیں۔

عماد وسیم نے کہا کہ لیگ کرکٹ میرے لیے اہم نہیں ہے، پاکستان سب سے بڑھ کر ہے، میں نے پاکستان کی اعزاز کے ساتھ نماٸندگی کی، اگر مجھے عزت دے کر قومی ٹیم میں کھلاٸیں گے تو میں آخری وقت تک پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔