ہم نے بولرز کو ٹھیک وقت پر استعمال کیا جس سے فائدہ ہوا، شاہین آفریدی

پی ایس ایل سیزن 8 کے افتتاحی میچ کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے بولرز کو ٹھیک وقت پر استعمال کیا جس سے فائدہ ہوا۔

شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ طاہر کا پہلا میچ تھا اس نے اچھی بیٹنگ کی جبکہ فخر زمان نے بھی بلاشبہ اچھی بیٹنگ کی ہے۔

اس موقع پر مین آف دی میچ فخر زمان کا میچ کے بعد کہنا تھا کہ شروع میں وکٹ ہماری توقعات کے مطابق نہیں تھی۔ قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے مزید کہا کہ ابتدائی اوورز کے بعد جب گیند اچھی طرح بیٹ پر آئی تو رنز اسکور کیے۔

پی ایس ایل 8 کے افتتاحی میچ میں ہوم ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ جس طرح ہم آغاز میں بیٹنگ کر رہے تھے لگ رہا تھا رنز ہوجائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور قلندرز نے اچھی بولنگ کی جس طرح سے ان کی بولنگ مشہور ہے۔

 محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے بولرز نے بھی اچھی بولنگ کی، پولارڈ اور ملر نے اچھی بیٹنگ کی تاہم وہ فنش نہیں کرسکے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 8 کے افتتاحی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے دی۔ ملتان سلطانز 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 174 رنز بناسکی۔