گردشی قرضے ختم کرنے کیلئے بجلی 3روپے 82پیسے فی یونٹ مہنگی کرنیکا امکان 

اسلام آباد:آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر پاور سیکٹر کا گردشی قرض ختم کرنے کے لئے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت نے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی جس کے مطابق بجلی صارفین سے مارچ تا جون 2023 وصولیاں کی جائیں گی۔

 بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بنیادی ٹیرف میں کیا جائے گابجلی کے منصوبوں پر لیے گئے قرض کا سود بھی صارفین ادا کریں گے، نیپرا وفاقی حکومت کی درخواست پر 2 مارچ کو سماعت کرے گا،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین کے لیے ہو گا۔

 دریں اثنا حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبات پر عمل درآمد کرتے ہوئے مختلف ممالک کے فرسٹ اور بزنس کلاس ایئر ٹکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی(ایف ای ڈی)عائد کردی ہے۔ 

پاکستان سے مختلف ممالک کیلئے پروازوں کی فرسٹ اور بزنس کلاس پر فکس ایف ای ڈی وصول کیا جائے گا۔

 کینیڈا اور امریکا کیلئے ایف ای ڈی 2 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ یورپ کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے فکس ایف ای ڈی وصول کی جائے گی۔فار ایسٹ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پیسیفک آئس لینڈ کیلئے بھی ایف ای ڈی ڈیڑھ لاکھ روپے ہوگی۔