اگست تک 10لاکھ ہنرمندوں کو روزگار کیلئے بیرون ملک بھیجنے کا منصوبہ

پشاور:وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی ساجد حسین طوری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے رواں سال اگست تک تقریباً 10 لاکھ ہنر مند شہریوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے فیسیلی ٹیشن ڈیسک اور دیگر سہولیات کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جنوبی کوریا، جاپان، سعودی عرب، آذربائیجان، عراق، رومانیہ، پرتگال، مالٹا سمیت دیگر ممالک نے پاکستانی افرادی قوت کی خدمات حاصل کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے،رواں سال اگست تک 10 لاکھ ہنر مند افرادی قوت نوجوانوں کو وہاں بھیجنے کے لیے ان ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جا رہے ہیں،گزشتہ سال اپریل سے اب تک 6 لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھیجا گیا ہے۔

ساجد طوری نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے اور باچا خان ایئرپورٹ پر ون ونڈو او پی ایف سہولت ڈیسک کھولنے کے لیے پرعزم ہے جس میں پی آئی اے، نادرا، امیگریشن، پاسپورٹ، وزارت مذہبی امور، کسٹمز، اے این ایف، بیورو آف امیگریشن سمیت 13 محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے اور اوورسیز ایمپلائمنٹ، اے ایس ایف، اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن، سی اے اے اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کا مقصد بہترین خدمات فراہم کرنا اور سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے۔