شاہد آفریدی سے آنکھیں چُرانے پر گوتم گھمبیر کو تنیقد کا سامنا

لیجنڈز لیگز کے پہلے میچ میں ٹاس کے وقت ایشیا لائنز کے کپتان شاہد آفریدی کے ہاتھ ملانے پر انڈیا مہاراجاز کے کپتان گوتم گھمبیر نے نظریں چرائیں جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔


قطر کے دارالحکومت دوحا میں لیجنڈز لیگ کے پہلے میچ میں شاہد آفریدی کی ٹیم ایشیا لائنز نے گوتم گھمبیر کی ٹیم انڈیا مہاراجاز کو 9 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔


میچ میں شاہد آفریدی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے لیکن سابق کپتان مصباح الحق نے 50 گیندوں پر 73 رنز بنائے اور ان کی اننگز نے ایشیا لائنز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔


تاہم میچ کو چھوڑ کر سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کے گوتم گھمبیر سے ہاتھ ملانے پر دلچسپ میمز بنائی جارہی ہیں اور گوتم گھمبیر پر تنقید کی جارہی ہے۔


یہ تصویر ٹاس کے وقت کی ہے جب آفریدی نے خوشگوار موڈ میں گوتم گھمبیر سے ہاتھ ملایا تو وہ نظریں چُراتے ہوئے نیچے کی جانب دیکھنے لگے۔


اس تصویر پر پاکستانی اور بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے آفریدی کی تعریف کی گئی اور کچھ صارفین نے گوتم گھمبیر پر تنقید کی۔