روس سے 49700میٹرک ٹن گندم کا دوسرا جہاز گوادر بندر گاہ پہنچ گیا

 لاہور:روس سے 49700 میٹرک ٹن گندم کا دوسرا روسی جہاز ”ایم وی رچ“گوادر بندرگاہ پر پہنچ گیا۔پاکستان کی جانب سے روس سے مجموعی طور پرساڑھے4میٹرک ٹن گندم درآمد کی جائے گی جس میں سے50,000 میٹرک ٹن گندم سے لدا پہلا جہاز ”ایم وی لیلا چنئی“2مارچ کو گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا۔

چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ، پاکستان کسٹمز اور نیشنل لاجسٹکس سیل کے درمیان کوارڈی نیشن کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔

وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ نے پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کو گوادر بندرگاہ سے متعلقہ گوداموں تک پہنچانے کے لئے ان راستوں کا استعمال کرے جس کا فاصلہ کم ہو۔

بتایا گیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً10سے12ہزار میٹرک ٹن گندم کی ترسیل کے لیے 200سے250گاڑیوں کی ضرورت ہوگی پاسکو کے گودام ملک کے 13 زونز اور 16 اضلاع میں واقع ہیں اور پاسکو کے گوداموں میں مجموعی طور پر5لاکھ72ہزار482میٹرک ٹن مصنوعات ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔