پاکستان اورآئی ایم ایف میں بیرونی فنانسگ 6 ارب ڈالرز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان براہ راست قرض کے معاملے پر مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور دفترخارجہ کے امریکہ اور دیگر ممالک سے رابطوں میں پیشرفت ہوئی، وزیر خارجہ اور خزانہ نے آئی ایم ایف کی مشکل شرائط پردوست ممالک سے مدد کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مذاکرات میں وقفے وقفے سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے جبکہ مذاکرات میں رواں سال بیرونی فنانسگ 7 ارب ڈالرکے بجائے 6ارب ڈالر کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چین سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بھی بات ہوئی اور چین کی طرف سے 80کروڑ بھی جلد ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک اور آئی ایم ایف حکام ترمیم شدہ ایم ای ایف پی پربات کرچکے ہیں۔

 اگلے دو دن میں وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف ترمیم شدہ ایم ای ایف پی تیارکریں گے، نئی ایم ای ایف پی میں گردشی قرض میں کمی کا شیڈول شامل کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے ایک مرتبہ پھر اگلے دو روز میں اسٹاف لیول معاہدے کے لیے امید ظاہر کی ہے۔