رمضان سے قبل ملک میں چائے کی پتی کی قلت کا خدشہ

کراچی: زرمبادلہ کی عدم دستیابی اور امپورٹ پر رکاوٹوں کی وجہ سے چائے کی پتی کی درآمد میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں چائے کی ترسیل متاثر ہورہی ہے اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے۔

پاکستان ٹی ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں چائے کی طلب کے مقابلے میں 50 فیصد کم چائے درآمد کی جارہی ہے گزشتہ دو ماہ میں چائے کی پتی کی درآمد 52 فیصد کم ہوگئی، فروری میں 11 ہزار 940 ٹن پتی درآمد کی گئی جبکہ دسمبر میں پتی کی درآمد کا حجم 24 ہزار 765 ٹن رہا تھا۔

درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ صرف 180 دن کی موخر ادائیگیوں کی صورت میں کنٹینرز کو ریلیز کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

پاکستان ٹی ایسوسی ایشن کے کنوینر زیشان مقصود کے مطابق ماہانہ طلب سے 50 فیصد کم چائے درآمد کرپارہے ہیں طلب و رسد کا توازن بگڑنے سے قیمت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔