راولپنڈی/ڈیرہ:ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ اور آپریشن کے دوران بریگیڈئر سمیت دیگر3 شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کو سپرد خاک کردیا گیا۔
جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے آئی ایس آئی کے بریگیڈئر مصطفی کمال برکی کی نمازجنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی.
نماز جنازہ میں صدر مملکت عارف علومی‘ وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت دیگراعلیٰ فوجی وسول حکام نے شرکت کی۔
بعدازاں شہید ہونے والے آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی نماز جنازہ ڈیرہ اسماعیل خان کے بیساکھی گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر محمد راشد، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج عبدالغفور آفریدی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالرؤف بابر قیصرانی سمیت مختلف مکاتب فکر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فورسز کے تینوں جوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی عیسی کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں حاضر و ریٹائرڈ فوجی افسران اور شہداکے اہلخانہ نے شرکت کی، تینوں جوانوں کو اعلی فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ہے۔
اظہر اقبال کو لودھراں، نائیک محمد اسد کو میاں چنوں اور سپاہی عیسی کو ان کے آبائی علاقے جنوبی وزیر ستان میں سپرد خاک کیا گیاہے۔