ملتان سلطانز کے ٹیم منیجر حیدر اظہر پر ایک میچ کی پابندی عائد

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ملتان سلطانز کے ٹیم منیجر حیدر اظہر پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منیجر ملتان سلطانز حیدر اظہر نے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول تھری کی خلاف ورزی کی۔

اعلامیے کے مطابق حیدر اظہر فائنل کے اختتام پر ان فیلڈ امپائرز کے ساتھ بحث میں ملوث پائے گئے، حیدر اظہر نے امپائر ایلیکس وارف کے ساتھ نازیبا زبان استعمال کی۔

یاد رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 18 مارچ کو ہونے والے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دی تھی۔