کراچی: کورنگی زمان ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران چاربچوں کے باپ کوفائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے مسلح ملزمان رقم اورموبائل فون چھیننے کے بعد بغیر کسی مزاحمت پرفائرنگ کرکے محمد حسیب کوقتل کردیا۔ مقتول کلفٹن میں پیزا شاپ پر ملازمت کرتا تھا۔
زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی اکیاون سی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 35 سالہ محمد حسیب ولد محمد حسین کوقتل کردیا تھا اورلوٹ مار کرکے فرارہوگئے تھے۔
واقعے کی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے جس میں مقتول محمد حسیب کو موٹرسائیکل پرچھولے کے ٹھیلے کے سامنے کھڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اسی دوران موٹرسائیکل سوار2 ملزمان آجاتے ہیں جن میں سے ایک ملزم نے ہیلمٹ اوردوسرے نے ٹوپی پہن رکھی ہے،ایک ملزم موٹر سائیکل سے اترکرمقتول محمد حسیب سے لوٹ مار شروع کردیتا ہے۔
ملزم مقتول محمد حسیب سے 75 ہزار روپے اورموبائل فون چھین لیتا ہےاورفرارہوتے ہوئے ہیلمٹ پہنا ملزم محمد حسیب پر فائرنگ کردیتا ہے جس کے نتیجے میں محمدحسیب شدید زخمی ہو جاتا ہے اور جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ جاتا ہے ۔
مقتول محمد حسیب کورنگی سیکٹراکیون سی کاشف بتی والے ہوٹل کے قریب کا رہائشی تھا 4 بچوں کا باپ اورکلفٹن میں پیزا شاپ پر ملازمت کرتا تھا۔
مقتول کے اہلخانہ کے مطابق محمد حسیب اپنی بیٹی کو ٹیوشن چھوڑنے کے بعد راستے میں چھولے کھانے کے لیے رکا تھا اسی دوران مسلح ملزمان نے رقم اور موبائل فون چھیننے کے بعد انہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
محمد حسیب نے بیٹی کو ٹیوشن چھوڑنے سے پہلے اپنی اہلیہ کے ہمراہ اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلوائی تھی ،جس کے بعد مقتول نے اپنی اہلیہ کو گھر چھوڑا اوربیٹی کو ٹیوشن لے جانے کے لیے نکل گیا ،
رابطہ کرنے پر زمان ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ اب تک قتل کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا ہے ، مقتول کےاہلخانہ پولیس سے رابطہ کریں گے تو ملزمان کو گرفتارکرلیا جائے گا ۔