پاکپتن، جائیداد تنازعہ پر ایک ہی گھر کے 7افراد قتل

پاکپتن میں جائیداد کے تنازع پرمبینہ طور پر ایک بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے ہی 2 بھائیوں کے گھرانوں کے 7 افراد قتل کر دیے۔

فائرنگ سے 12 سالہ بچی زخمی بھی ہوئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے شواہد جمع کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق 7 افراد کے قتل کا یہ اندوہناک واقعہ بڑی راکھ کے علاقے میں ہوا، جہاں سرور نامی ملزم نے جائیداد کے تنازع پر اپنے بھائیوں کے گھر اجاڑ دیے۔

ملزم نے فائرنگ کرکے اپنے 2 بھائیوں افتخار اور شیرباز کے علاوہ 22 سالہ مفتاح بی بی، 12 سالہ احد، 14 سالہ احمد ،35 سالہ آسیہ بی بی اور بشیراں بی بی کوقتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔

ملزم کی فائرنگ سے 12 سالہ عائشہ زخمی بھی ہوئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی پی او پاکپتن حسن اقبال سمیت پولیس اور فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے شواہد جمع کرکےملزم کی تلاش شروع کر دی۔