لاہور: نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز کی تیاری کیلیے قومی کرکٹرز کی مشقوں کا آغاز آج سے ہوگا جبکہ منتخب کرکٹرز نے لاہور میں رپورٹ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ میں سیریز کا لاہور میں 14 اپریل کو شیڈول ٹی20 میچ سے آغاز ہوگا،وائٹ بال میچز کیلیے دونوں فارمیٹ کے اسکواڈز کا اعلان منگل کو ہی کردیا گیا تھا، منتخب کرکٹرز نے گزشتہ روز لاہور میں رپورٹ کردیا، عبداللہ شفیق اور فہیم اشرف ایک روز کی تاخیر سے آج ٹیم کو جوائن کریں گے۔
اوپنر فخر زمان کی آمد 10 اپریل کو طے ہے تاحال باقاعدہ ٹیم مینجمنٹ کا اعلان نہ ہونے کی وجہ سے عبدالرحمان کی زیر نگرانی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہے گا، 3 روزہ مشقیں قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوں گی، رمضان المبارک کی وجہ سے سیشن کا آغاز رات 8 بجے آغاز ہوگا، اس دوران بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقوں کا پلان بنا لیا گیا جبکہ 10 اپریل کو انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ شیڈول ہے۔
دوسری جانب سرکاری ادارے فول پروف سیکیورٹی سمیت انتظامات مکمل کرنے کیلیے سرگرم ہوگئے، متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران کی میٹنگز میں مختلف شعبوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق گزشتہ انٹرنیشنل اور پی ایس ایل میچز کی طرح اس بار بھی سیکیورٹی معاملات میں رینجرز کی معاونت حاصل ہو گی۔